کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے کو جدید، محفوظ اور ٹیکنالوجی سے آراستہ بنانے کے وژن کے تحت 9 مختلف شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور ساحلی شہر گوادر میں بنیادی انفراسٹرکچر اور جدید نیٹ ورک کی تنصیب کے اہم مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ عوامی تحفظ، جرائم کی روک تھام، ٹریفک مینجمنٹ اور جدید نگرانی کے نظام کے قیام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سیف سٹی منصوبے کے تحت کوئٹہ، گوادر، خضدار، حب، سوئی، تربت اور دیگر اہم شہروں میں جدید کیمروں، فائبر نیٹ ورک اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کا مربوط نظام قائم کیا جا رہا ہے، جو اسلام آباد سیف سٹی ماڈل کی طرز پر کام کرے گا۔
حکام کے مطابق، کوئٹہ اور گوادر میں بنیادی انفراسٹرکچر اور فائبر آپٹک نیٹ ورک کی تکمیل کے بعد اگلے مرحلے میں جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کی تنصیب کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ خضدار، حب، سوئی اور تربت سمیت دیگر شہروں میں سائٹ سلیکشن اور تکنیکی سروے کا عمل جاری ہے۔
صوبائی حکومت کے اعلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ منصوبے کی معیار کے مطابق مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔ کوئٹہ میں حالیہ جرائم کی تشویشناک صورتحال کے پیشِ نظر اس جدید ترین آن لائن نگرانی کے نظام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی اور شہریوں کے احساسِ تحفظ میں اضافے کی قوی توقع کی جا رہی ہے۔
