محرم الحرام کے دوران امن و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، آئی جی پولیس بلوچستان
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)محرم الحرام کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن و امان کے قیام اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرگرمیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
اسی سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عمران شوکت نے انجمن اثنا عشری امام بارگاہ کلاں ہزارہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات، حفاظتی اقدامات اور عزاداری کے سلسلے میں جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سابق صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس داد آغا نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں عشرہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس و جلوسوں، سیکیورٹی انتظامات، عزاداروں کو درپیش مسائل اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر بالخصوص کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
آئی جی بلوچستان نے علمدار روڈ مری آباد کے امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں خواتین کی مجالس کے لیے لیڈیز پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے سمیت فول پروف سیکیورٹی کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں سنیپ چیکنگ جاری رکھنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب، امام بارگاہ سجادیہ سیٹلائٹ ٹاون کوئٹہ میں پانچویں مجلس عزا کے موقع پر فرنٹیئر کور کے کرنل عبید، ایس ایچ او ولی اچکزئی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلی حکام نے بھی امام بارگاہ کا دورہ کیا اور انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔ اس موقع پر انجمن سجادیہ کے صدر عاصم صمد اور دیگر ذمہ داران سے ہونے والی ملاقات میں محرم الحرام کے دوران مجالس عزا کے پرامن انعقاد، عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوسِ عزا کے سیکیورٹی پلان پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور راستوں پر سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انجمن سجادیہ کے عہدیداران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، فرنٹیئر کور، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے تمام اجتماعات اور جلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں گے۔
