تربت(نمائندہ خصوصی ) مکران ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر تربت میں کلاتک کے علاقے مینو کراس کے مقام پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن)ایف ڈبلیو او(کے ایک ٹھیکیدار کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مینو کراس کے قریب سڑک کنارے نصب بم اس وقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا گیا جب وہاں سے ٹھیکیدار کی گاڑی گزر رہی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمی کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے بم دھماکے کے بعد کلاتک اور مینو کراس کے اطراف کے علاقوں میں ملوث تخریب کاروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی ہر زاویے سے باریک بینی کے ساتھ تفتیش کی جا رہی ہے۔
