کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر داخلہ و بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میر ضیا اللہ لانگو نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی اور امن معاہدے کے دوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے انتہائی دانشمندی، بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں جہاں خطے کو سنگین خطرات لاحق تھے، وہاں پاکستان نے ہمیشہ کی طرح ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے امن، استحکام اور سفارتی توازن کو فروغ دیا ہے۔

میر ضیا اللہ لانگو نے عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان نے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ عالمی برادری کو بھی ایک انتہائی مثبت پیغام دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے اور ایران و امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشیں بلاشبہ قابلِ تحسین ہیں۔

ایسے نازک وقت میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے جس تدبر اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے، اور پاکستان مستقبل میں بھی خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *