فورسز کی آمد پر مسلح عناصر دشوار گزار پہاڑوں کی طرف فرار، علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع

مستونگ (نمائندہ خصوصی )بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قریب قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر مسلح عناصر کی جانب سے قائم کیے گئے غیر قانونی ناکوں اور رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے شاہراہ کو آمدورفت کے لیے مکمل بحال کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، قومی شاہراہ پر قائم ان غیر قانونی ناکوں کے باعث مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔

فورسز کی پیش قدمی اور بروقت کارروائی کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود مسلح افراد موقع سے قریبی پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے اضافی نفری طلب کر کے مسلح عناصر کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے مختلف مقامات کا محاصرہ کرتے ہوئے علاقے کی سخت ناکہ بندی کی اور مشتبہ راستوں کی نگرانی بڑھا دی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق، علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے، جس میں مختلف مقامات کی تلاشی، داخلی و خارجی راستوں کی سخت تشہیر اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور نقل و حمل کے نظام کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔

مستونگ اور گردونواح کے حساس مقامات پر نگرانی بڑھا کر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کا مثر نظام قائم ہے۔

دوسری جانب، مقامی رہائشیوں نے سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں کی حفاظت کے لیے مستقل بنیادوں پر نگرانی اور گشت کے نظام کو مثر بنایا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *