کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے تھانہ منظور شہید پولیس کی جانب سے سنیپ چیکنگ اور گشت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خٹک کی ہدایات اور ایس پی سریاب عابد بخاری کی خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ منظور شہید کی نگرانی میں پولیس ٹیموں نے دن کے اوقات میں مختلف علاقوں، شاہراہوں اور حساس مقامات پر خصوصی چیکنگ مہم کا انعقاد کیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں سیکیورٹی کو مزید مثر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس نوعیت کے مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کی گئیں، جہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے گزرنے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی جامع تلاشی لی۔
اس دوران شناختی دستاویزات، گاڑیوں کے کاغذات اور دیگر ضروری کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی اقدام کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
سنیپ چیکنگ کے دوران پولیس کی اضافی نفری بھی مختلف علاقوں میں تعینات رہی جبکہ موبائل گشت میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پولیس اہلکاروں نے مختلف مقامات پر شہریوں سے ملاقاتیں بھی کیں اور انہیں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی یا سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ خطرات اور جرائم کا سدباب کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون ہی ایک پرامن اور محفوظ معاشرے کی ضمانت ہے، اور اسی مقصد کے حصول کے لیے کوئٹہ پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری تندہی اور جذبے کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
