ڈی ایس پی سریاب اور ایس ایچ او تھانہ خالق شہید کی نفری کے ہمراہ بروقت کارروائی، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )تھانہ خالق شہید کے علاقے لنک بادینی روڈ پر تین مسلح ملزمان نے ایک شہری سے ہونڈا 125 موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایگل اسکواڈ نے فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا، جس پر ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

مقابلے کی اطلاع پاتے ہی ڈی ایس پی سریاب طالب حسین اور ایس ایچ او تھانہ خالق شہید اعجاز محمود بھی بھاری نفری کے ہمراہ فورا موقع پر پہنچ گئے۔

ایس ایچ او اعجاز محمود کے مطابق، پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان کچھ دیر تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

تاہم، دیگر ملزمان کھیتوں اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی ساتھی سمیت، چھینی گئی مسروقہ موٹرسائیکل کو موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے مسروقہ موٹرسائیکل کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *