شادی ہالز رات 10 اور ہوٹل و ریسٹورنٹس 11 بجے بند ہوں گے، محکمہ انتظامی امور کا فیصلہ
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )حکومتِ بلوچستان نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں صوبے بھر میں ایندھن کی بچت اور اضافی کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری و تجارتی مراکز کے نئے اوقاتِ کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمہ خدمات و عمومی انتظامی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان احکامات کا اطلاق ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تمام دنوں پر اور فوری طور پر ہوگا۔
بلوچستان گزٹ کے اگلے شمارے میں اشاعت کے لیے بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے تحت مختلف کاروباری شعبوں کے لیے درج ذیل اوقات مقرر کیے گئے ہیں:رات 9:00 بجے: تمام دکانیں، مارکیٹیں، تجارتی مراکز، بازار، کریانہ اور جنرل اسٹورز بند کر دیے جائیں گے۔
رات 10:00 بجے: شادی ہالز، نمائش گاہوں اور ان تمام تجارتی مقامات کو بند کرنا ہوگا جہاں تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔
رات 11:00 بجے: تمام ہوٹل، ریسٹورنٹس، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز بند ہوں گے تاہم گھر منگوانے یا ساتھ لے جانے کی سہولت کو اس پابندی سے چھوٹ حاصل ہوگی)۔
اس کے علاوہ پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں بھی رات 11 بجے بند کی جائیں گی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ایندھن کی بچت کی اس مہم کے دوران چند اہم اور بنیادی ضرورت کے شعبوں کو وقت کی پابندی سے مکمل استثنی حاصل ہوگا جن میں ہسپتال، کلینکس، طبی لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تندور، بیکریاں، دودھ اور ڈیری کی دکانیں، پیٹرول و گیس پمپس، گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز، ورزش گاہیں، کھیلوں کے مراکز، انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیاں اور کال سینٹرز بھی اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔
تمام انتظامی محکموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبے بھر میں ان نئے اوقاتِ کار پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
