سفید ریش شہری کی فریاد پر وزیراعلی بلوچستان کا فوری نوٹس، متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت، دو افراد گرفتار
کوئٹہ(سٹاف رپورٹڑ )ایک سفید ریش معمر شہری کی درد بھری ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سخت اور ضروری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد حکومتی مشینری کی اس تیز رفتار فعالیت اور فوری ردعمل کو صوبے کے عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ایک بہترین اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک معمر سفید ریش شہری اپنی شدید مشکلات، ذہنی اذیت اور مختلف مسائل کے حوالے سے روتے ہوئے فریاد کرتا دکھائی دیا تھا۔
متاثرہ شہری کے مطابق وہ ایک طویل عرصے سے شدید پریشانی اور دبا کا شکار تھا اور انصاف و داد رسی کے لیے متعلقہ اعلی حکام کی توجہ کا شدت سے منتظر تھا۔
مذکورہ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد معمر شہری کی اس مظلومانہ اپیل نے عوامی سطح پر گہرا اثر چھوڑا اور مختلف حلقوں کی جانب سے حکومت سے اس معاملے پر فوری توجہ دینے اور غریب شہری کو انصاف فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ سامنے آیا تھا۔
، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جیسے ہی اس وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا، انہوں نے بنا کسی تاخیر کے فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک ہونے، معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھانے کی واضع ہدایت کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، وزیراعلی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انتہائی مختصر وقت کے اندر متعلقہ ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی اور قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دو افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا، جسے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے موجودہ صوبائی حکومت کی اعلی سنجیدگی اور مظلوم پروری کا واضح اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
