مولانا عبدالواسع کے اسکواڈ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا

کان مہترزئی (نمائندہ خصوصی )ضلع پشین کے علاقے کان مہترزئی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں انسداد دہشت گردی فورس(اے ٹی ایف)کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ سات دیگر اہلکار زخمی ہو گئے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب جمعیت علمائے اسلام )ف( کے بلوچستان کے امیرسینیٹر مولانا عبدالواسع کے اسکواڈ کے ہمراہ چلنے والی اے ٹی ایف کی گاڑی اچانک ایک کرین سے ٹکرا گئی لیویز مطابق حادثہ کان مہترزئی کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکار مولانا عبدالواسع کے قافلے کی نگرانی پر مامور تھے۔ تیز رفتار یا دیگر وجوہات کے باعث اے ٹی ایف کی گاڑی سامنے موجود کرین سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اہلکار زخمی ہو گئے۔حادثے کے فورا بعد مقامی افراد، ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید بہتر علاج کے لیے بڑے طبی مراکز منتقل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت کانسٹیبل عرفان حیدر کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع بولان سے بتایا جاتا ہے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر ملتے ہی پولیس اور اے ٹی ایف کے افسران سمیت اہل خانہ اور عزیز و اقارب میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کی میت ضروری قانونی کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کیے جانے کا امکان ہے، جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ انسانی غفلت، تیز رفتاری یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد اعلی پولیس حکام نے زخمی اہلکاروں کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل عرفان حیدر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی اپنے ساتھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *